امریکہ کا سوڈان میں 23 سال بعد اپنا سفیرتعینات کرنے کا فیصلہ

امریکہ نے سوڈان میں سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ امریکہ کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب سوڈان کے نئے وزیراعظم عبداللہ حمدوک واشنگٹن کا دورے پر ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک سے ملاقات کے بعد کہاکہ سوڈان اور امریکہ 23 سال کے بعد ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکہ اور سوڈان نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے میں پہلی بار سفیروں کے تبادلے کے ذریعے اپنے سفارتی تعلقات کی تجدید پراتفاق کیا ہے۔سوڈانی وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران انتظامیہ کے عہدیداروں سے ملاقات کی جن میں وزیرخزانہ سٹیفن منوچن اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے سربراہ مارک گرین شامل ہیں۔پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ امریکی سوڈانی باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ سوڈان سویلین قیادت میں جمہوری عمل کی طرف بڑھنے کے ساتھ، آئین کی تیاری اور زبردست اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔سوڈانی وزیراعظم نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے ملک پرعائد کردہ اقتصادی پابندیاں ختم کرے۔ امریکہ نے بھی سوڈان پرعائد پابندیاں بتدریج ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں